ڈیرہ غازیخان،ملتان (ڈپٹی بیوروچیف،ڈ سٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ خصوصی ) پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مسلح مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایلیٹ فورس کا ایک جوان ہیڈ کانسٹیبل محمد عمران شہید اور دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق مقابلے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ غازیخان فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آپریشن کی کمان سنبھال لی۔ شہید پولیس جوان اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن بھی زخمی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کی نگرانی کے لیے ہسپتال میں موجود رہے۔واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں مزید سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔دریں اثناضلع ڈی جی خان تھانہ صدر کی حدود میں ڈاکوؤں سے مقابلہ کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے ایلیٹ فورس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد عمران کی نماز جنازہ پولیس لائنز ڈی جی خان میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، کمشنر اشفاق احمد چوہدری سمیت پولیس، رینجرز، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سی سی ڈی اور دیگر سکیورٹی اداروں کے سربراہان ، بار ایسوسی ایشن، پریس کلب، پولیس افسران واہلکاروں سمیت ورثاء اور سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی محمد کامران خان نے ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان کا وزٹ کرکے مقابلہ میں زخمی اہلکار کی عیادت کی اور علاج معالجہ کی بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ڈی جی خان تھانہ صدر کی حدود میں ڈاکوؤں سے مردانہ وار مقابلہ کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے ایلیٹ ہیڈ کانسٹیبل محمد عمران کی نماز جنازہ پولیس لائنز ڈی جی خان میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی، قومی پرچم میں لپٹے شہید کے جسد خاکی پر پولیس کے آفیسران نے پھول چڑھائے اور چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، کمشنر اشفاق احمد چوہدری سمیت پولیس، رینجرز، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سی سی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، میڈیا نمائندگان، وکلاء، سیاسی وسماجی شخصیات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد اور شہید کے ورثاء نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی اور کمشنر نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ ایڈیشنل آئی جی محمد کامران خان نے شہید کے ورثاء سے ملاقات کر کے اظہار تعزیت کرتے ہوے شہید کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔پولیس لائنز میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کے جسد خاکی کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا جہاں پر شہید کو مکمل سرکاری اعزازکے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کامران خان نے زخمی ہونے والے اہلکار گلاب خان کی عیادت کے سلسلہ میں ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان کا دورہ کرکے زخمی اہلکار کو دلیری وجوانمردی سے ڈاکوں کا مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ۔







