مظفرگڑھ میں محکمہ تعلیم نے سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ موسمی سبزیوں کی کاشت کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام سرکاری اسکولوں کے سربراہان کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں دستیاب جگہ پر موسمی سبزیاں کاشت کی جائیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال کے لیے ایک ذمہ دار فرد مقرر کیا جائے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ جن تعلیمی اداروں میں پہلے کی گئی کاشت سے مطلوبہ یا تسلی بخش پیداوار حاصل نہیں ہوئی، وہاں دوبارہ سبزیاں کاشت کی جائیں۔ اس کے علاوہ پودوں اور سبزیوں کو بروقت پانی دینے اور ان کی مناسب نگہداشت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے اسکول انتظامیہ کو پابند کیا ہے کہ سبزیوں کی کاشت اور روزانہ کی بنیاد پر ان کی دیکھ بھال کی تصاویر بھی باقاعدگی سے شیئر کی جائیں تاکہ سرگرمیوں کی نگرانی کی جاسکے۔
جاری ہدایات کے مطابق تمام ہیڈ ماسٹرز اور اسکول سربراہان مراسلے میں دی گئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔







