سہیل سمیر نے وائرل ویڈیو پر خاموشی توڑ دی، مداحوں سے معذرت

پاکستانی اداکار سہیل سمیر نے سوشل میڈیا پر دوبارہ گردش کرنے والی ایک پرانی ویڈیو پر وضاحت دیتے ہوئے مداحوں اور متاثر ہونے والے افراد سے معذرت کرلی۔
چند روز قبل سہیل سمیر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ان کے ساتھ ایک خاتون اداکارہ بھی موجود تھیں۔ بتایا گیا کہ یہ کلپ تقریباً ایک دہائی قبل فلمایا گیا تھا، تاہم ویڈیو کے بعض مناظر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
صورتحال کے بعد سہیل سمیر نے خود سوشل میڈیا کے ذریعے معاملے پر وضاحت پیش کی اور کہا کہ وہ ان تمام افراد سے تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں جنہیں اس کلپ کے دوبارہ سامنے آنے سے دکھ، تکلیف یا مایوسی ہوئی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو تقریباً 10 سال پرانی ہے اور اُس وقت شاید انہیں اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ ماضی کی کوئی حرکت مستقبل میں اس طرح دوبارہ منظر عام پر آسکتی ہے۔
سہیل سمیر نے کہا کہ آج جب یہ کلپ دوبارہ وائرل ہوا تو انہیں شدت سے احساس ہوا کہ ان کے گھر میں بھی ماں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں، اس لیے وہ سوچ سکتے ہیں کہ اگر ان کے اپنے خاندان کے کسی فرد سے متعلق ایسا مواد سامنے آئے تو انہیں کس قدر تکلیف ہوگی۔
انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اُس وقت ایسا مواد نہیں کرنا چاہیے تھا، حالات جیسے بھی رہے ہوں۔ ان کے مطابق عزت اور ساکھ بنانے میں برسوں لگتے ہیں لیکن اسے نقصان پہنچنے میں صرف ایک لمحہ کافی ہوتا ہے۔
سہیل سمیر نے اپنے پیغام کے آخر میں افسوس اور شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں معاف کردیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں