ملتان چیمبر انتخابات، فرینڈز گروپ کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے، مسائل حل کرنیکا عزم

ملتان (جنرل رپورٹر)فرینڈز گروپ کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے، کاروباری برادری کے حقوق کے تحفظ کا عزم کرلیا۔ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے سلسلہ میں فرینڈز گروپ کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ فرینڈز گروپ کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے قبل امیدواران اور گروپ کے اکابرین کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں صبحانے کا اہتمام کیاگیا۔تقریب میں امیدواربرائے ایگزیکٹو کمیٹی ایسوسی ایٹ کلاس حماد احمد میاں،میاں فضل الٰہی شیخ، میاں عامر نسیم، ندیم احمد شیخ، ڈاکٹر شفیق پتافی، بخش الٰہی، شاہد محمود خان، اظہر ممتاز ٹیپو، شیخ فیصل سعید، شیخ عمیر سعید، اسلم بھٹہ، شیخ طاہر امجد، آصف مجید، مجید اللہ خان، میاں حسین احمد فضل، جی ایم غفار، خواجہ عمار یاسر، اورنگزیب عالمگیر سمیت دیگر کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پرحماد احمد میاں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرینڈز گروپ کا مقصد ملتان کی کاروباری برادری کو ایک مضبوط، مؤثر اور متحد پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ چیمبر کے انتخابات میں تاجر اور صنعتکار برادری اپنے ووٹ کی طاقت سے ایسے نمائندوں کا انتخاب کرے جو ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ فرینڈز گروپ کاروباری برادری کے مسائل کے حل، صنعت و تجارت کے فروغ اور چیمبر کو مزید فعال بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ فرینڈز گروپ کے امیدواران نے بھرپور تیاری اور اعتماد کے ساتھ کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ ہمارا مقابلہ کسی فرد یا گروپ سے نہیں بلکہ کاروباری برادری کے مسائل اور مشکلات کے خاتمے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کو ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے جہاں ہر تاجر اور صنعتکار کی آواز مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز تک پہنچائی جائے۔ فرینڈز گروپ کامیابی کے بعد کاروباری برادری کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔حماد احمد میاں نے مزید کہا کہ فرینڈز گروپ کی قیادت اور ساتھیوں نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہےوہ میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مقصد صرف انتخاب میں حصہ لینا نہیں بلکہ ملتان کی کاروباری برادری کی خدمت کے عزم کا اظہار بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کی صورت میں تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ فرینڈز گروپ باہمی اتحاد، مشاورت اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتا ہے اور ان شاء اللہ کاروباری برادری کے تعاون سے چیمبر آف کامرس کو مزید مضبوط اور فعال ادارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں