ڈیرہ غازی خان (سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپو ر ٹر ، نمائندہ خصوصی) سخی سرور چیک پوسٹ پر پولیس اہلکاروں کے ناروا رویے اور ٹرکوں کی فیول ٹینکیوں سے زبردستی ڈیزل نکالنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے خود کو آگ لگانے والا ٹرک ڈرائیور مشرف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نشتر ہسپتال ملتان کے برن وارڈ میں دم توڑ گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس حکام نے چیک پوسٹ انچارج کریم بخش اے ایس آئی کو کلوز ٹو لائن کر دیا تاہم ٹرانسپورٹرز نے کارروائی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈیڈ باڈی چیک پوسٹ سخی سرور کے مقام پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا، ڈی پی او صادق بلوچ خود چیک پوسٹ سخی سرور پہنچے کر مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انچارج چیک پوسٹ کریم بخش اے ایس آئی کیخلاف ڈرائیور مشرف کو تنگ کرنے اور انکے ناروا رویے پر احتجاج خود کو آگ لگانے کا مقدمہ درج کرینگے جس پر احتجاج میں شامل افراد نے روڈ کھول کر احتجاج ختم کر دیا۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان سے پنجاب آنے والے متعدد ٹرک ڈرائیوروں کی جانب سے سخی سرور چیک پوسٹ کے عملے پر مبینہ طور پر فیول ٹینکیوں سے زبردستی ڈیزل نکالنے اور ناروا سلوک کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز کا دعویٰ ہے کہ بعض ٹرکوں سے مبینہ طور پر 100 سے 150 لیٹر تک ڈیزل نکال لیا جاتا تھا، جبکہ اس حوالے سے اعلیٰ پولیس افسران کو بھی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔







