کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے فتنۃ الہندوستان سے وابستہ قرار دی جانے والی 9 انتہائی مطلوب خواتین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر انعامات مقرر کردیے ہیں۔
حکومت بلوچستان کے مطابق مطلوب خواتین کے حوالے سے قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنے والوں کو 10 سے 15 لاکھ روپے تک انعام دیا جائے گا، جبکہ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مطلوب خواتین سے متعلق معلومات حکومت بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ رابطہ نمبروں پر دی جاسکتی ہیں۔ ان خواتین کا تعلق گوادر، جیونی اور تربت کے علاقوں سے بتایا گیا ہے۔
مطلوب خواتین میں حنیفاں بی بی، عائشہ، رقیہ، حفصہ، زہرہ، امینہ بانی، زرمین اور عزیزاں سمیت دیگر شامل ہیں۔
حکومت کی جانب سے آٹھ مطلوب خواتین کے بارے میں معلومات دینے پر فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ عزیزاں سے متعلق اطلاع فراہم کرنے والے کے لیے 15 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت بلوچستان کے مطابق مذکورہ خواتین پر صوبے میں امن و امان کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور خواتین کو مبینہ طور پر ورغلا کر بدامنی کے لیے استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔







