کراچی: پاکستان کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جون 2024 میں کینسر کے مرض میں مبتلا ہوئے تھے اور صحتیابی کے دوران روزانہ سورۃ الرحمٰن کی تلاوت کو اپنے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے بتایا کہ طبی معائنے کے دوران ان کے کان کے قریب ٹیومر اور معدے میں لیمفوما کی تشخیص ہوئی تھی۔ بیماری کا علم ہونے کے بعد انہوں نے اللہ تعالیٰ سے رحم اور شفا کی دعا کی۔
اداکار کے مطابق علاج کے دوران اسپتال کے چکر، کیموتھراپی اور دیگر مشکلات سے زیادہ انہیں اس بات کی فکر رہتی تھی کہ ان کی بیماری کے باعث اہل خانہ کو ذہنی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وہ بعض اوقات اس خوف میں بھی مبتلا رہتے تھے کہ شاید اگلی صبح آنکھ نہ کھلے، جس کے باعث رات کو سونے سے پہلے مختلف دعائیں اور آیات پڑھا کرتے تھے۔
نعمان اعجاز نے بتایا کہ ان کے دوست گوہر بٹ نے انہیں سورۃ الرحمٰن کی تلاوت کا مشورہ دیا، جس کے بعد انہوں نے اسے روزانہ پڑھنا شروع کردیا۔ ان کے مطابق سورۃ الرحمٰن کی تلاوت نے ان کے صحتیابی کے سفر میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کان کے قریب موجود ٹیومر کو آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا، جبکہ بعد میں ہونے والے اسکینز میں معدے کا لیمفوما دکھائی نہیں دیا۔ ڈاکٹروں نے جولائی میں کیموتھراپی شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم بعد کے اسکینز کے نتائج ان کے لیے بھی باعثِ حیرت تھے۔
نعمان اعجاز نے صحت میں بہتری پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ان پر بے حد مہربان رہا ہے۔







