اسلام آباد،تہران،واشنگٹن(بیورورپورٹ،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے ایران کو مذاکرات کی میزپرلانے کیلئے پاکستان سے مددکی درخواست کی درخواست کردی۔ فیلڈمارشل عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے،محسن نقوی بھی ساتھ، وزیرداخلہ سکندری مومنی سمیت اہم رہنمائوں سے ملاقاتیں کی۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فونک گفتگو کی تھی۔رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے بنیادی طور پر یہ درخواست کی گئی تھی کہ پاکستان اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لائے۔خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ 2 پاکستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے ہونے والا یہ رابطہ صدر ٹرمپ کی جانب سے کیا گیا تھا۔رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری کے دفتر نے اس خبر پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا اور فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان کن امور پر بات چیت ہوئی۔دوسری جانب چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دورے پر ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ہیں۔تہران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی سے ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کے سلسلے میں ایران پہنچے ہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل کے لیے کوششوں کے فروغ پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔وسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ فیلڈمارشل عاصم منیر کے دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔ادھرایرانی فوج کے سربراہ جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایرانی سرزمین کو دشمن کی سازشوں کی آزمائش کا میدان ہرگز نہیں بننے دیا جائے گا۔شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور شہید افسران اور دیگر شہیدوں کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ہر جارحیت کا دندان شکن جواب دیں گی اور ملک کی خودمختاری، سالمیت اور قومی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گی۔جنرل حاتمی نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں دشمن کو ناکام بنانا اور شکست کی تلخی کا مزہ چکھانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم 10 سال اور 20 سال تک بھی جنگ کریں گے اور دشمن کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ادھرایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نے خبردار کیا کہ اگر ایران کیخلاف معاشی جنگ جاری رہی تو وہ آبنائے ہرمز سے تیل کا ایک قطرہ بھی گزرنےکی اجازت نہیں دیں گے، انہوں نے ساتھ یہ بھی کہا کہ خلیج فارس سے بھی تیل برآمد کرنےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔







