لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ ڈیلرز کو پنجاب آرمز لائسنس پورٹل پر آن لائن اندراج مکمل کرنے کے لیے مزید 10 دن کا وقت دے دیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق صوبے بھر کے اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری سے متعلق تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 350 سے زائد ڈیلرز نے شرکت کی۔
ترجمان نے بتایا کہ ورکشاپ کے دوران اسلحہ ڈیلرز کو آن لائن پورٹل پر ضروری کوائف درج کرنے اور ڈیجیٹل انوینٹری مکمل کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔
اسلحہ ڈیلرز کی درخواست پر محکمہ داخلہ نے پورٹل پر رجسٹریشن اور ریکارڈ درج کرنے کی مقررہ مدت میں مزید 10 دن کی توسیع کردی ہے۔
ترجمان کے مطابق اسلحہ ڈیلرز کے موجودہ اسٹاک، خریداری اور فروخت کا ریکارڈ آن لائن درج کیا جائے گا، جبکہ اس مقصد کے لیے 6 ستمبر 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے میں مجموعی طور پر 413 رجسٹرڈ اسلحہ ڈیلرز موجود ہیں، جن میں سے 230 ڈیلرز اپنی ڈیجیٹل انوینٹری کا ڈیٹا پہلے ہی آن لائن درج کرچکے ہیں۔
ڈیجیٹل نظام مکمل ہونے کے بعد پنجاب میں اسلحہ ڈیلرز کی خرید و فروخت اور اسٹاک سے متعلق تمام ریکارڈ آن لائن دستیاب ہوگا۔







