ملتان (وقائع نگار)فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے زیرِ اہتمام چھوٹے تاجروں کی سکیم سے متعلق ملک گیر آگاہی نشست منعقد ہوئی جس میں ریجنل ٹیکس آفس ملتان نے آن لائن شرکت کی۔ نشست میں ایف بی آر کی اعلیٰ قیادت، فیلڈ افسران، ٹیکس ماہرین، چیمبرز، تجارتی تنظیموں اور مختلف مارکیٹوں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔وزیرِ مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ سکیم تاجروں کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے اور اس کا بنیادی مقصد چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکس نظام کو سادہ، آسان اور سہولت پر مبنی بنانا ہے۔چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ اس سکیم کی کامیابی کو ایک قومی مشن کے طور پر لیں اور تاجروں کو ہر مرحلے پر مکمل رہنمائی اور عملی معاونت فراہم کریں۔ممبر سٹریٹجک ریفارمز ڈاکٹر حامد عتیق سرور نے سکیم کی نمایاں خصوصیات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں سادہ ٹیکس ریٹرن، گرین پلیٹ کا اجرا، پی او ایس انٹیگریشن سے استثنا اور ودہولڈنگ ٹیکس کی ذمہ داریوں سے آزادی شامل ہے۔ممبر اِن لینڈ ریونیو آپریشنز ڈاکٹر زبیر بلال نے کہا کہ ملک بھر کے چیف کمشنرز اپنے دفاتر میں خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کریں گے، تاجروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے اور سکیم کی کامیابی کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنائیں گے۔آر ٹی او ملتان کے مرکزی آڈیٹوریم میں چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو ڈاکٹر محمد سرمد قریشی نے نشست کی صدارت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک سادہ، سہولت پر مبنی اور تاجر دوست سکیم متعارف کرانے پر ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اعتماد، سہولت اور رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کے ذریعے ٹیکس بیس کو وسعت دینے کے ایف بی آر کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آر ٹی او ملتان اپنے پورے دائرۂ اختیار میں چھوٹے تاجروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔نشست میں کمشنر ملتان زون، کمشنر ریفنڈ زون، ایڈیشنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز عمیر شفقت اور آر ٹی او ملتان کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر یونس غازی، جنرل سیکرٹری خادم حسین میتلا، ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اظہر بلوچ، خواجہ سلمان صدیقی، شیخ خالد قریشی، حاجی اکرم حکیم، محمد عبداللہ اور خواجہ معظم وحید سمیت مختلف تجارتی و مارکیٹ تنظیموں کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور نمائندگان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔آر ٹی او ملتان کے زیرِ انتظام خانیوال، میاں چنوں، مظفرگڑھ، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بھی متوازی آن لائن نشستیں منعقد ہوئیں جہاں متعلقہ افسران کے ساتھ مقامی تجارتی تنظیموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ نمایاں شرکاء میں خانیوال سے شیخ جبار علی اور شیخ عارف قریشی، میاں چنوں سے چوہدری محمود، ملک اسلم اور ملک راشد، مظفرگڑھ سے سید امیر حسین، شیخ عامر سلیم اور سید طاہر علی شاہ جبکہ راجن پور سے وقار احمد بھٹہ، محمد اطہر اور حفیظ اللہ سہرانی شامل تھے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں، بازاروں اور تجارتی تنظیموں کے متعدد عہدیداران اور نمائندگان نے بھی شرکت کی۔کمشنر ملتان زون اور آر ٹی او ملتان میں تاجروں کی سکیم کے فوکل پرسن محمد نواز نے کہا کہ سکیم کے مؤثر نفاذ اور تاجروں کی سہولت کے لیے پورے دائرۂ اختیار میں مربوط انتظامات کیے گئے ہیں۔ خصوصی ٹیمیں آگاہی نشستیں منعقد کرنے، تجارتی تنظیموں سے براہِ راست رابطہ رکھنے اور چھوٹے تاجروں کو رجسٹریشن اور ریٹرن فائلنگ میں عملی معاونت فراہم کرنے کے لیے کام کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسکیم پر مکمل طور پر سہولت پر مبنی انداز میں عمل درآمد کیا جائے گا، جس کا بنیادی مقصد تاجروں کا اعتماد حاصل کرنا اور رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کو فروغ دینا ہے۔ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز عمیر شفقت نے شرکاء کو اسکیم کی نمایاں خصوصیات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آر ٹی او ملتان نے اپنے پورے دائرۂ اختیار میں جامع آگاہی اور سہولت کاری مہم شروع کردی ہے۔ خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں گے جبکہ افسران چیمبرز، تجارتی تنظیموں اور مارکیٹ نمائندگان سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان کے مسائل حل کریں گے اور سکیم کے تحت رجسٹریشن اور ریٹرن فائلنگ میں مکمل رہنمائی فراہم کریں گے۔شرکاء نے اسکیم کی تاجر دوست خصوصیات کو سراہتے ہوئے چھوٹے تاجروں میں آگاہی، سہولت کاری اور رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کے فروغ کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔







