ملتان: ستھراپنجاب میں کرپشن ثابت، چارج شیٹ جاری، معاہدہ منسوخی کاامکان

ملتان ( خصوصی رپورٹر) ملتان شہر میں ستھرا پنجاب منصوبے میں صفائی کے ناقص انتظامات، جعلی حاضریوں اور کوڑے کے فرضی وزن سمیت سنگین بے ضابطگیاں ثابت ہوگئیں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے کنٹریکٹر شہزاد جٹ سمیت تینوں پارٹنرز کو جاری کی گئی چارج شیٹ روزنامہ قوم کو موصول ہوگئی، کنٹریکٹر جوائنٹ وینچر کمپنیوں کو نوٹس آف ڈیفالٹ جاری، صفائی معاہدہ منسوخ کیے جانے کا امکان ہے ۔تفصیل کے مطابق ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے تحصیل سٹی اور صدر ملتان میں کام کرنے والے مشترکہ ٹھیکیداروں ایس اے انٹرپرائزز کے مالک شہزاد جٹ ، سارمک پرائیویٹ لمیٹڈ اور بابر اینڈ عمر پرائیویٹ لمیٹڈ پر مشتمل جے وی کو باقاعدہ چارج شیٹ اور نوٹس بھیجا ہے ۔ دستاویزات کے مطابق ٹھیکیداروں کو گزشتہ ڈیڑھ سال میں 100 سے زائد نوٹسز اور 30 دن کی اضافی مہلت دی گئی لیکن اس کے باوجود کارکردگی میں کوئی بہتری نہ آئی۔نوٹس میں ٹھیکیداروں کے خلاف چارج شیٹ اور کوتاہیوں کی لسٹ پیش کی گئی ہے جس میں جعلی حاضریوں، کوڑے کا فرضی/جعلی وزن بتانے، گھر گھر سے کوڑا نہ اٹھانے، روڈ واشر کی عدم فراہمی اور ڈرم نصب نہ کرنے کی سنگین خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ مزید برآںسینی ٹیشن فیس کی ناکام وصولی، مزدوروں کو وقت پر تنخواہیں نہ دینے، ای او بی آئی و سوشل سکیورٹی فنڈز کی عدم ادائیگی اور جے وی پارٹنرز کی آپسی چپقلش سے شہری خدمات کی معطلی جیسے الزامات بھی عاید کیے گئے ہیں۔ایم ڈبلیو ایم سی انتظامیہ نے معاہدے کی شق 20.1 اور سپیشل کنڈیشنز کی شق 14 کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تصویری و دستاویزی ثبوت کے ساتھ تسلی بخش جواب نہ ملنے پر کمپنی بلا تاخیر معاہدہ منسوخ (Terminate) کر کے تمام مالیاتی رسک و کاسٹ ٹھیکیداروں پر ڈالے گی اور متبادل ادارے کے ذریعے ملتان میں صفائی کا نظام سنبھال لے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں