عمران خان کے علاج کے لیے 21 سابق عالمی کپتانوں کا وزیراعظم شہباز شریف کو دوبارہ خط

اسلام آباد: دنیا کے 21 معروف سابق کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ایک بار پھر خط ارسال کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی علاج اور صحت سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خط میں سابق عالمی کپتانوں نے عمران خان کے علاج کے حوالے سے اپنی پہلے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ پیش رفت سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی ہدایات سے مطابقت نہیں رکھتی۔
خط پر دستخط کرنے والوں میں مائیکل ایتھرٹن، ایلکس بلیک ویل، ایلن بارڈر، مائیکل بریرلی، گریگ چیپل، ایان چیپل، بیلنڈا کلارک، ایلسٹر کک، مائیک گیٹنگ، سنیل گواسکر، لی جرمن، ایڈم گلکرسٹ، ڈیوڈ گاور، کم ہیوز، ناصر حسین، کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ارجنا راناٹنگا، اینڈریو اسٹراس، دلیپ وینگسارکر، اسٹیو وا اور جان رائٹ شامل ہیں۔
خط میں سابق کپتانوں کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ طبی ماہرین پر مشتمل بورڈ ان کا معائنہ کرسکے۔ ان کے مطابق اس میڈیکل بورڈ میں عمران خان کے ذاتی معالجین کے ساتھ ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کو بھی شامل کیا جانا تھا۔
انہوں نے خط میں مزید کہا کہ عدالت عظمیٰ کی ہدایات کے تحت عمران خان کے اہل خانہ کے ساتھ ہفتہ وار ملاقاتوں کا سلسلہ بھی بحال کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
سابق عالمی کپتانوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے علاج اور طبی سہولیات کے معاملے میں سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں