حکومت کا درآمد شدہ چینی میں سے ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن برآمد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے درآمد کی گئی چینی کے ذخیرے میں سے ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن چینی بیرون ملک برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چینی برآمد کرنے سے مقامی مارکیٹ میں اس کی قیمتوں پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی کا مناسب ذخیرہ موجود ہے جبکہ عالمی منڈی میں چینی کے نرخ بہتر ہونے کے باعث حکومت اس اسٹاک کو برآمد کرکے بہتر قیمت حاصل کرنا چاہتی ہے۔
رانا تنویر کے مطابق موجودہ صورتحال میں اضافی ذخیرے کو عالمی مارکیٹ میں فروخت کرنا ملکی مفاد میں ہے اور اس سے مقامی سطح پر چینی کی دستیابی متاثر نہیں ہوگی۔
دوسری جانب عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل نے حکومت کی شوگر پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پہلے چینی برآمد کرکے ملک میں مصنوعی قلت پیدا کی گئی، بعد ازاں ضرورت سے زیادہ چینی درآمد کی گئی اور اب اسی درآمد شدہ چینی کو دوبارہ برآمد کیا جارہا ہے۔ ان کے مطابق اس پالیسی کا مالی بوجھ بالآخر عام پاکستانی کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں