اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پمز اسپتال میں طبی معائنے سے متعلق اسپتال انتظامیہ نے تفصیلی اعلامیہ جاری کردیا۔
پمز کے اعلامیے کے مطابق عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب طبی معائنے اور علاج کی غرض سے اسپتال لایا گیا تھا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں نے عمران خان کے آنکھوں کے معائنے میں بھی حصہ لیا، جبکہ دیگر طبی معائنوں کے لیے پمز کے متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے خدمات انجام دیں۔
پمز انتظامیہ کے مطابق آنکھوں کے معائنے سے حاصل ہونے والی طبی رائے کو دیگر طبی تحقیقات کے نتائج کے ساتھ ملا کر دیکھا گیا۔ بعد ازاں پمز کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے عمران خان کی طبی فٹنس سے متعلق رپورٹ کو حتمی شکل دی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ مریض کی رازداری اور سپریم کورٹ کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے پمز انتظامیہ طبی رپورٹ کے خفیہ مندرجات ظاہر نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے چند روز قبل عمران خان کو طبی معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور مکمل طبی چیک اپ کرانے کا حکم دیا تھا۔
تاہم حکومت نے عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا، جس کے بعد انہیں رات گئے دوبارہ اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں۔







