ڈیرہ غازی خان،مظفرگڑھ (ڈ سٹرکٹ رپورٹر، کرائم رپورٹر ) اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن نے مختلف کارروائیوں کے دوران مبینہ رشوت وصول کرتے ہوئے دو پٹواریوں اور ستھرا پنجاب کے تین افسران کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اینٹی کرپشن ضلع مظفرگڑھ کے سرکل آفیسر عمار یاسر خان نے مجسٹریٹ سیکشن 30 ضلع مظفرگڑھ نوید حسین کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے ندیم اسلم پٹواری حلقہ مراد آباد مظفرگڑھ کو مبینہ طور پر 30 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم سے نشان زدہ نوٹ برآمد کیے گئے اور اسے حسب ضابطہ حراست میں لے لیا گیا۔دوسری کارروائی ضلع ڈیرہ غازی خان میں کی گئی جہاں اینٹی کرپشن سرکل آفیسر ہیڈکوارٹر ڈیرہ غازی خان ریجن شہزاد گل نے سول جج ڈیرہ غازی خان محمد یعقوب علیانی کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے محمد جمیل چانڈیہ پٹواری کو مبینہ طور پر 35 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کیے گئے۔علاوہ ازیں اینٹی کرپشن حکام نے ستھرا پنجاب ڈیرہ غازی خان میں مبینہ طور پر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں تین افسران کو بھی گرفتار کیا۔ گرفتار ہونے والوں میں محمد حبیب ولد واحد بخش خان سکھانی چیف فنانس آفیسر ستھرا پنجاب، محمد حسنین ولد ظہور احمد گشکوری آپریشنل منیجر ستھرا پنجاب اور عمر فاروق ولد عبد الخالق نعیم راجپوت تحصیل منیجر ستھرا پنجاب روجھان شامل ہیں۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مذکورہ افسران پر الزام ہے کہ ان کی مبینہ کارروائیوں کے باعث سرکاری رقم میں 18 کروڑ 84 لاکھ 486 روپے کا نقصان ہوا۔ اس معاملے پر مقدمہ نمبر 37/26 تھانہ ہیڈکوارٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن میں درج کر لیا گیا ہے۔







