اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال سے دوبارہ اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں سخت سکیورٹی کے حصار میں واپس لایا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو اسپتال سے اڈیالا جیل پہنچانے کے بعد ان کے سیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ رات نصف شب کے قریب اڈیالا جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق وہاں ان کے طبی معائنے کے لیے 6 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس کے بعد اسپتال میں داخل رکھنے یا واپس جیل منتقل کرنے کا فیصلہ ہونا تھا۔
دوسری جانب عمران خان کی اسپتال منتقلی کے فیصلے کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے گزشتہ روز بعض اعتراضات کے ساتھ واپس کردی تھی۔ ذرائع کے مطابق اعتراضات دور کرکے درخواست دوبارہ دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
ادھر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے عمران خان کو بیرون ملک منتقل کیے جانے کے امکان کا بھی ذکر کیا ہے، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں اس معاملے پر مزید بحث شروع ہوگئی ہے۔







