اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم مذاکرات کی کامیابی دونوں فریقین کی آمادگی سے ہی ممکن ہوتی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 32 روپے کمی کو خوش آئند قرار دیا اور اس سلسلے میں وزارتِ پٹرولیم کی کوششوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خطے کے متعدد ممالک میں ریفائنریز اور گیس پلانٹس بند ہیں، جس کے اثرات عالمی سطح پر مرتب ہورہے ہیں اور پاکستان بھی ان حالات سے متاثر ہوتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق حکومت نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 128 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
اپوزیشن سے مذاکرات کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم مذاکرات یکطرفہ طور پر نہیں ہوسکتے۔ اپوزیشن کو بھی اس عمل میں آگے بڑھنا ہوگا اور یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کب مذاکرات کی میز پر آتی ہے۔







