پنجاب یونیورسٹی: ڈاکٹر نوشینہ سلیم ڈین میڈیا سٹڈیز مقرر، طویل تدریسی اور تحقیقی تجربہ

ملتان (سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف پنجاب کی ممتاز ماہرِ ابلاغیات، سینئر استاد اور تجربہ کار ماہرِ تعلیمی انتظامیہ پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم کو فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کا ڈین مقرر کر دیا گیا ۔حکومت پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق گورنر پنجاب و چانسلر نے یونیورسٹی آف پنجاب ایکٹ اور متعلقہ قوانین کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم کو میرٹ میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے تین سال کے لیے ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم شعبہ ابلاغیات و میڈیا ریسرچ سے تعلق رکھنے والی ایک معروف استاد، محقق اور تعلیمی منتظم ہیں جن کا تدریسی، تحقیقی اور انتظامی میدان میں وسیع تجربہ ہے۔ وہ اس وقت بھی شعبہ اور سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کی سطح پر اہم علمی و انتظامی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔ ان کی تقرری کو شعبہ ابلاغیات اور میڈیا سٹڈیز میں ان کی طویل تدریسی خدمات، تحقیقی شناخت، انتظامی صلاحیتوں اور تعلیمی معاملات پر گہری دسترس کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے ماس کمیونیکیشن اور کمیونیکیشن سٹڈیز کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی جبکہ ان کی علمی قابلیت میں پی ایچ ڈی، ایم فل اور ماسٹرز کے ساتھ ساتھ کمیونیکیشن سٹڈیز میں پوسٹ ڈاکٹریٹ بھی شامل ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر بھی اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی تجربہ حاصل کیا اور ابلاغیات کے شعبے میں اپنی علمی شناخت مضبوط بنائی۔ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ پی ایچ ڈی سپروائزر بھی ہیں اور اعلیٰ تحقیق کے میدان میں متعدد ایم فل اور پی ایچ ڈی طلبہ کی نگرانی اور رہنمائی سے وابستہ رہی ہیں۔ ان کے زیر نگرانی مختلف تحقیقی موضوعات پر طلبہ نے اپنی اعلیٰ ڈگریوں کے لیے تحقیق مکمل کی جبکہ وہ نئی نسل کے محققین کی علمی اور تحقیقی تربیت میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کے تدریسی کیریئر کا دائرہ انتہائی وسیع ہے۔ وہ کمیونیکیشن سٹڈیز، میڈیا، سیاسی ابلاغیات، بین الاقوامی ابلاغیات، میڈیا تھیوری، میڈیا اور معاشرہ، میڈیا کلچر، تحقیق کے طریقہ کار، پبلک ریلیشنز، ایڈورٹائزنگ، میڈیا ہسٹری، میڈیا اور خارجہ پالیسی، ہیلتھ کمیونیکیشن، میڈیا اور انسانی حقوق سمیت متعدد اہم مضامین پڑھاتی رہی ہیں۔ ان کے تدریسی تجربے میں پی ایچ ڈی، ایم فل، ماسٹرز، گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ سطح پر طلبہ کو پڑھانے کا وسیع تجربہ شامل ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے تدریس کے ساتھ ساتھ تعلیمی انتظامیہ میں بھی متعدد کلیدی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ وہ سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کی ڈائریکٹر، شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا ریسرچ کی چیئرپرسن، انسٹی ٹیوٹ آف کمیونیکیشن سٹڈیز کی ڈائریکٹر اور انچارج ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ انسٹی ٹیوٹ آف کمیونیکیشن سٹڈیز میں پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر، اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچرر کے طور پر بھی تدریسی و علمی خدمات سرانجام دیتی رہی ہیں۔ انتظامی میدان میں ان کی ذمہ داریاں صرف شعبہ جاتی انتظام تک محدود نہیں رہیں بلکہ وہ پی ایچ ڈی اور ایم فل پروگراموں کی کوآرڈینیشن، بورڈ آف سٹڈیز، فیکلٹی بورڈ اور مختلف اعلیٰ تعلیمی و انتظامی کمیٹیوں سے بھی وابستہ رہی ہیں۔ وہ ڈیپارٹمنٹل ڈاکٹریٹ پروگرام کمیٹی کی چیئرپرسن اور ممبر کے طور پر بھی کام کر چکی ہیںجبکہ داخلہ، امتحانات، نصاب، طلبہ امور، ڈسپلن، خریداری اور دیگر تعلیمی معاملات سے متعلق مختلف کمیٹیوں میں بھی اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ ان کی انتظامی کارکردگی میں اکیڈمک کوالٹی انہانسمنٹ اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے متعدد اقدامات بھی شامل ہیں۔ ان کی نگرانی اور قیادت میں ابلاغیات کے شعبے کو مزید منظم اور وسعت دینے، نصاب میں بہتری، مختلف شعبوں اور سنٹرز کی تنظیم نو، امتحانی نظام کو بہتر بنانے، کلاسز اور لیکچرز کے مؤثر انعقاد، طلبہ اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے اور تعلیمی ماحول کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے مختلف علمی سرگرمیوں، سیمینارز، ورکشاپس، خصوصی لیکچرز، مطالعاتی دوروں اور غیر نصابی سرگرمیوں کے انعقاد میں بھی فعال کردار ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں کے سلیکشن بورڈز، سبجیکٹ سپیشلسٹ بورڈز اور دیگر علمی فورمز سے بھی وابستہ رہی ہیں۔ وہ مختلف یونیورسٹیوں میں ایم فل، ماسٹرز اور دیگر اعلیٰ تعلیمی پروگراموں کے امتحانات، تھیسز اور تحقیقی کام کے لیے ممتحن اور ماہر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ متعدد اداروں میں تحقیق اور تھیسز کی سپروائزر بھی رہی ہیں۔ ان کی علمی دلچسپیوں کا دائرہ کمیونیکیشن تھیوری، کمیونیکیشن کیمپین ڈیزائن، ڈ ویلپمنٹ کمیونیکیشن، بین الاقوامی ابلاغیات، سیاسی ابلاغیات، میڈیا کلچر اور سوسائٹی، میڈیا اور ٹیکنیکل رائٹنگ، میڈیا اور خارجہ پالیسی، گلوبل کمیونیکیشن، میڈیا اور صنفی معاملات، سوشل میڈیا، ہیلتھ کمیونیکیشن اور میڈیا و انسانی حقوق جیسے اہم موضوعات پر مشتمل ہے۔ وہ قومی میڈیا میں بھی بطور ماہرِ تعلیم، تجزیہ کار اور ابلاغیات کے ماہر کے طور پر اپنی رائے اور علمی نقطۂ نظر پیش کرتی رہی ہیں۔ ڈاکٹر نوشینہ سلیم کی علمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں انہیں مختلف امتیازات بھی حاصل رہے ہیں۔ وہ ابلاغیات کے شعبے میں پوسٹ ڈاکٹریٹ مکمل کرنے والی نمایاں خواتین سکالرز میں شامل ہیںجبکہ اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے میدان میں ان کی خدمات کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ ان کی تقرری کو یونیورسٹی آف پنجاب کی فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی علمی مہارت، طویل تدریسی تجربہ، تحقیقی بصیرت اور انتظامی صلاحیتیں فیکلٹی کے تعلیمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی معیار کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں