اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا ردعمل سامنے آگیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ سامنے آیا ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) نے کبھی کسی کی صحت کو سیاسی معاملے کے طور پر استعمال نہیں کیا۔ ان کے مطابق ماضی میں پی ٹی آئی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی صحت کو سیاسی بحث کا حصہ بنایا جاتا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہر قیدی کا بنیادی حق ہے کہ اسے آئین اور قانون کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ماضی میں بھی علاج کی مناسب سہولتیں فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی جیل قوانین کے تحت طبی سہولیات دستیاب رہیں گی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان کے علاج کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کوئی ابہام نہیں، انہیں پہلے کی طرح طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کی جائے گی، خصوصاً نجی اسپتال میں علاج سے متعلق عدالتی حکم پر نظرثانی کی استدعا کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ صحت کا معاملہ سیاسی اختلافات سے الگ رکھا جانا چاہیے اور کسی بھی قیدی کو طبی سہولیات کی فراہمی آئین و قانون کے مطابق ہونی چاہیے۔







