پاکستانی طلبہ کیلئے گوگل جیمنائی کی ایک سالہ سبسکرپشن مفت، بڑا اعلان

اسلام آباد: پاکستان میں پہلا مقامی دفتر قائم کرنے کے بعد گوگل نے ملک کے طلبہ کے لیے بھی اہم سہولت کا اعلان کردیا ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان بھر کے طلبہ کو گوگل جیمنائی کی ایک سال کی سبسکرپشن مفت فراہم کی جائے گی۔ اس سہولت کا باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے اختتام تک متوقع ہے۔
ولسن وائٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا وژن گوگل کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 سال کے دوران گوگل نے پاکستان میں مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زیادہ کی معاشی سرگرمیوں میں کردار ادا کیا، جبکہ گوگل کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم نے 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتوں کو سپورٹ کیا۔
گوگل کے نائب صدر نے پاکستان میں کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گوگل کی موجودگی کا یہ سفر ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔
تقریب کے بعد وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گوگل کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کیا۔
گوگل کی جانب سے طلبہ کے لیے مفت جیمنائی سبسکرپشن کا اعلان ملک میں مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں