نشتر : سکیورٹی گارڈز 5 ماہ کی تنخواہوں سے محروم، گھروں میں فاقوں کی نوبت

ملتان (وقائع نگار)نشتر ہسپتال ملتان کے سکیورٹی گارڈز پانچ ماہ سے تنخواہوں سے محروم، گھروں میں فاقوں کی نوبت،دن رات مریضوں اور ہسپتال کی حفاظت پر مامور اہلکار خود معاشی مشکلات کا شکار، انتظامیہ کی خاموشی پر سوالات اٹھنے لگے جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے طبی مراکز میں شمار ہونے والے نشتر ہسپتال ملتان میں سکیورٹی کے فرائض انجام دینے والے گارڈز کے مبینہ طور پر پانچ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث کم آمدنی والے ان ملازمین اور ان کے خاندانوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ سکیورٹی گارڈز کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے اجرت نہ ملنے کے باعث گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے اور روزمرہ ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی گارڈز نشتر ہسپتال جیسے بڑے اور حساس طبی مرکز میں دن رات اپنی ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں۔ شدید گرمی ہو یا رات کا پہر، مریضوں، لواحقین، ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی حفاظت کی ذمہ داری انہی اہلکاروں کے کندھوں پر ہوتی ہے، مگر دوسری جانب مبینہ طور پر انہی محافظوں کو ان کی محنت کی اجرت بروقت ادا نہیں کی جا رہی۔متاثرہ گارڈز کے مطابق پانچ ماہ تک تنخواہ نہ ملنا ان کے لیے محض انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ زندگی اور موت کا سوال بن چکا ہے۔ کئی ملازمین کے گھروں میں راشن، بچوں کی فیس، بجلی کے بل، کرایہ مکان اور دیگر بنیادی اخراجات پورے کرنا دشوار ہو چکا ہے، جبکہ بعض خاندان مبینہ طور پر ادھار اور قرض لے کر گزارا کرنے پر مجبور ہیں۔متعلقہ حکام کی جانب سے اس معاملے کی فوری اور شفاف تحقیقات، ذمہ داران کا تعین اور متاثرہ سکیورٹی گارڈز کو بقایا تنخواہوں کی فوری ادائیگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں