یزمان ( نمائندہ خصوصی ) تحصیل یزمان کے چکنمبر 112 ڈی بی میں قبضہ مافیا کی غنڈہ گردی عروج پر پہنچ گئی، اعلیٰ انتظامی و عدالتی فیصلوں کے باوجود بااثر مافیا قانون سے بے خوف ہو گیا۔ وراثتی زمین مانگنے پر مظلوم شہری کو لوہے کے پائپوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر دانت اور پسلیاں توڑ دیں، متاثرہ خاندان انصاف نہ ملنے پر اجتماعی خودکشی پر مجبور۔تفصیلات کے مطابق چکنمبر 112 ڈی بی، تحصیل یزمان، بہاولپور کے رہائشی رفیق احمد ولد محمد شفیع نے اپنی فریاد میں انکشاف کیا ہے کہ ان کا اپنے والد کی وراثت میں ملنے والے 25 کنال رقبے پر جائز اور قانونی حق ہے اور وہ گزشتہ تین سال سے اس پر کاشتکاری کر رہے تھے۔ تاہم علاقے کے بااثر مخالفین محمد ندیم، محمد منیر پسران عبد الستار، اور جمال گجر نے ان کے قانونی حق کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے سال 2024ء میں ان کی تیار گندم کی کھڑی فصل کو شدید نقصان پہنچایا اور زبردستی قبضہ کر لیا۔مظلوم شہری نے بتایا کہ مذکورہ ملزمان نے اپنے مسلح ساتھیوں امانت علی اور محمد اشرف کے ساتھ مل کر ان پر اور ان کے بیٹوں پر لوہے کے پائپ کے پسٹل کے بٹوں سے وحشیانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں رفیق احمد کے دانت ٹوٹ گئے، پسلیاں شدید متاثر ہوئیں اور گواہان کو بھی بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیاحیرت انگیز طور پر، اس زمین کا کھاتا قانونی طور پر علیحدہ ہو چکا ہے اور سابقہ و موجودہ اسسٹنٹ کمشنرز (بشمول اے سی عمران رفیق)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو (ADCR) اور تحصیلدار معصوم علی نے موقع کا معائنہ کرنے کے بعد رفیق احمد کے حق میں واضح فیصلے دیے تھے۔ ملزمان کی عدالت سے لی گئی سٹے کی درخواست بھی خارج ہو چکی ہے، لیکن اس کے باوجود مافیا نے سرکاری راستہ بلاک کر دیا ہے اور متاثرہ خاندان کو گزشتہ 7 سال سے اپنے ایک ایکڑ رقبے پر کاشتکاری کرنے سے زبردستی روکا ہوا ہے اور 3 سال سے ہماری گندم پڑی خراب ہو رہی ہے مظلوم خاندان کا کہنا ہے کہ تحصیلدار اور سرکاری نمبردار کی موجودگی میں کٹنے والی 45 من گندم کی فصل اور رقم بھی مافیا ہضم کر گیا، جبکہ پٹوار عملہ یہ کہہ کر پلہ جھاڑا رہا ہے کہ یہ کام ہمارے بس سے باہر ہے اب ملزمان کی جانب سے مظلوم خاندان کو سرعام یہ سنگین دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ یا تو یہ رقبہ ہمیں کوڑیوں کے دام فروخت کر دو اور یہ علاقہ چھوڑ کر چلے جاؤ ورنہ تم سب کو جان سے مار دیں گےمظلوم رفیق احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور بااثر مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے زمین اور راستہ واگزار کرانے کی اپیل کی ہے، بصورتِ دیگر انصاف نہ ملنے پر پورا خاندان خودکشی کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔







