واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بہت جلد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے سے متعلق اعلان کریں گے۔
فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران پر مزید سخت معاشی دباؤ بڑھانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کا مقصد تہران کو جنگ کے خاتمے پر آمادہ کرنا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ جلد آبنائے ہرمز کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے اور اسے امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان کیا جائے گا۔
دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہوں میں شمار ہونے والی آبنائے ہرمز سے عالمی تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے، اس لیے ٹرمپ کے اس بیان سے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کئی ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے دوران امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا آئندہ ہفتے کے آغاز میں ایران کے خلاف ایسی سخت پابندیاں اور معاشی اقدامات متعارف کرائے گا، جن کی اس سے پہلے مثال نہیں ملتی۔







