ملتان( وقائع نگار)ڈینٹل ہسپتال ملتان میں 10 سال سے اینستھیزیا کے ڈاکٹرز کی اسامیاں خالی ہیں۔ ہسپتال کا آپریشن تھیٹر 6 سال سے بند انتہائی پیچیدہ نوعیت کے مریضوں کے آپریشن نشتر ہسپتال میں کئے جاتے ہیں زرائع کا کہنا ہے کہ ڈینٹل ہسپتال ملتان میں 10 سال سے میڈیکل آفیسرز کی دو اور اسسٹنٹ پروفیسر اینستھیزیا کی ایک اسامی خالی ہیں اور ابھی تک محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ان خالی اسامیوں پر بھرتیوں کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ 6 سال پہلے تک یہاں انستھیزیا کے کچھ ڈاکٹرز تھے جو ریٹائرڈ ہو گئے یا ملازمت چھوڑ گئے اس کی وجہ سے چھ برس سے ڈینٹل ہسپتال ملتان کا آپریشن تھیٹر بند پڑا ہے اور مریضوں کے آپریشن شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ نشتر ہسپتال ملتان میں ڈینٹل ہسپتال سے ریفر کئے جانے والے مریضوں کو آپریشن کے لئے لمبا وقت دیا جاتا ہے سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ نشتر میں آپریشن کے لیے ڈینٹل سرجن بھی اسی ڈینٹل ہسپتال سے جاتا ہے جس سے مریضوں اور ڈاکٹرز دونوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔







