محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خصوصی پیغام پہنچا دیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ہونے والی ملاقات کی مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے ایرانی صدر کو خصوصی پیغام پہنچایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے ایرانی صدر کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور اس کی تفصیلات سے آگاہی دی۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی تھی، جس میں باہمی تعلقات اور علاقائی امور پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئی راہیں ہموار کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط ہونے سے باہمی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جاسکتا ہے اور خطے میں سکیورٹی و استحکام بھی مزید بہتر ہوگا۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اور قریبی تعلقات خطے میں سکیورٹی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں