اسلام آباد: پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے آئندہ 1.2 ارب ڈالر کی قسط ملنے کی توقع ہے، جس کے لیے حکومت نے اقتصادی جائزے سے قبل تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط سے متعلق اقتصادی جائزے پر مذاکرات آئندہ ماہ ستمبر میں متوقع ہیں۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستان کا دورہ کرے گا اور پاکستانی معاشی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کرے گا۔
مذاکرات میں آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلیٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت آئندہ قسط کے حصول کے لیے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے اقتصادی جائزے کی منظوری کے بعد پاکستان کو تقریباً ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والے مذاکرات میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلیٹی (آر ایس ایف) پروگرام پر ہونے والی پیش رفت بھی زیرِ بحث آئے گی۔ متعلقہ وزارتوں کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے لیے ضروری تیاری مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
آئی ایم ایف مشن کو نئے مالی سال کے بجٹ پر عملدرآمد میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسٹرکچرل اصلاحات کے اہداف، بجلی اور گیس کے شعبوں میں گردشی قرضے کو کنٹرول کرنے کے اقدامات اور دیگر معاشی معاملات پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نجکاری پروگرام میں پیش رفت، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، پالیسی ریٹ اور مہنگائی کے اثرات سے متعلق بھی آئی ایم ایف حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کے تحت پانچویں قسط کی مد میں پاکستان کو تقریباً 1 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے، جبکہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق آر ایس ایف کے تحت مزید 20 کروڑ ڈالر حاصل ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان کو دونوں پروگرامز کے تحت اب تک تقریباً 4 ارب 80 کروڑ ڈالر موصول ہوچکے ہیں، جبکہ اگلے سال ستمبر تک مزید 3 ارب ڈالر سے زائد ملنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ طے کیے گئے بیشتر اسٹرکچرل بینچ مارکس اور پیشگی اقدامات کے اہداف حاصل کرلیے گئے ہیں جبکہ بعض معاملات پر کام جاری ہے۔
وزارت خزانہ کو توقع ہے کہ اقتصادی جائزے کے مذاکرات شروع ہونے سے پہلے تمام متعلقہ شرائط مکمل کرلی جائیں گی۔ معاشی ٹیم پرامید ہے کہ آئندہ اقتصادی جائزہ بھی کامیابی سے مکمل ہوگا اور پاکستان موجودہ آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھانے میں کامیاب رہے گا۔
وزارت خزانہ نے تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو بھی ہدایت کی ہے کہ آئی ایم ایف کی آئندہ قسط کے لیے طے شدہ شرائط اور اسٹرکچرل بینچ مارکس پر عملدرآمد سے متعلق اپنی تیاریاں مکمل کریں۔







