ملتان(شیخ نعیم سے) پنجاب پولیس میں یونیفارم کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت رواں مالی سال کے دوران پنجاب پولیس کے تمام یونٹس کے بیجز، کیپ، میڈلز، پائلٹس اور نام پلیٹس ایک ہی پیٹرن کے مطابق تیار کیے جائیں گے۔ پولیس کے مختلف یونٹس کے یونیفارم کے رنگ اپنی موجودہ شناخت کے مطابق برقرار رہیں گے، تاہم یونیفارم کے اوپر استعمال ہونے والی تمام اسیسریز کا ڈیزائن اور پیٹرن یکساں ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد پنجاب پولیس کے مختلف یونٹس کے درمیان یونیفارم کے حوالے سے یکسانیت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ فورس کی مجموعی شناخت کو مزید بہتر بنانا ہے۔ذرائع کے مطابق- ماضی میں پنجاب پولیس کے مختلف یونٹس کی جانب سے اپنی اپنی ضرورت اور دستیاب وسائل کے مطابق یونیفارم، بیجز، نام پلیٹس اور دیگر اسیسریزمختلف طرز کے پیٹرن میں تیار کروائی جاتی رہی ہیں، جس کے باعث ایک ہی محکمہ کے مختلف یونٹس کے اہلکاروں کی یونیفارم میں نمایاں فرق دکھائی دیتا تھا۔ بعض یونٹس میں بیجز، کیپ، میڈلز اور نام پلیٹس کے ڈیزائن بھی ایک دوسرے سے مختلف تھے۔ اب پولیس حکام نے اس صورتحال کو ختم کرنے اور تمام یونٹس کے لیے ایک متفقہ اور معیاری پیٹرن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد یونیفارم کی تیاری اور خریداری مقررہ معیار کے مطابق کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے انتظام کے تحت یونیفارم کے رنگ میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی جا رہی بلکہ ہر یونٹ کی الگ شناخت کو برقرار رکھا جائے گا۔ ضلعی پولیس کا اولیو گرین یونیفارم اپنی جگہ برقرار رہے گا جبکہ پنجاب ہائی وے پٹرول (PHP)، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، ایس پی یو (SPU)، آر ایم پی (RMP) اور دیگر متعلقہ کیڈرز کے یونیفارم بھی ان کی موجودہ شناخت اور رنگ کے مطابق ہوں گے۔ تاہم یونیفارم پر نصب ہونے والی بیجز، کیپ، میڈلز، پائلٹس، نام پلیٹس اور دیگر متعلقہ اسیسریز ایک طے شدہ مشترکہ پیٹرن کے مطابق تیار کی جائیں گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں پنجاب پولیس کے مختلف یونٹس کے لیے بڑے پیمانے پر یونیفارم کی خریداری کا منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 53 لاکھ یونیفارمز خریدے جائیں گے۔ ان یونیفارمز میں ضلعی پولیس کے علاوہ پی ایچ پی، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، ایس پی یو، آر ایم پی سمیت دیگر کیڈرز کے اہلکاروں کے لیے یونیفارم شامل ہوں گے۔ اس بڑے پیمانے پر خریداری کا مقصد نہ صرف تمام اہلکاروں کو مقررہ معیار کی یونیفارم فراہم کرنا ہے بلکہ مختلف یونٹس میں یونیفارم کی دستیابی کے مسئلے کو بھی ختم کرنا ہے -رواں مالی سال کے بجٹ میں پولیس یونیفارم اور اس سے متعلقہ خریداری کے لیے تقریباً 2 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ اس بجٹ سے پولیس اہلکاروں کے لیے یونیفارم کی خریداری کے ساتھ ساتھ مقررہ معیار کے مطابق ضروری اسیسریز بھی تیار اور فراہم کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق 53 لاکھ یونیفارمز کی خریداری کے لیے رواں ماہ پری کوالیفکیشن کا عمل شروع کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد اہل اور مقررہ معیار پر پورا اترنے والی کمپنیوں اور سپلائرز کو خریداری کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔ پولیس حکام کی جانب سے یونیفارم کے معیار پرخصوصی توجہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ بڑے پیمانے پر ہونے والی خریداری میں کپڑے کے معیار، رنگ، سلائی، سائز، پائیداری اور دیگر تکنیکی امور کو یقینی بنایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق- یونیفارم کی خریداری کے عمل میں معیار کے ساتھ ساتھ شفافیت کو بھی اہمیت دی جائے گی، کیونکہ ایک ہی وقت میں لاکھوں یونیفارمز کی خریداری پنجاب پولیس کے بڑے اخراجات میں شمار ہوتی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ مالی سال کے دوران ضلعی پولیس کے لیے خریدی گئی تقریباً 90 ہزار یونیفارمز بھی پولیس حکام کو موصول ہو چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان یونیفارمز کی متعلقہ اضلاع اور اہلکاروں میں تقسیم کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ موصول ہونے والی یونیفارمز کی تقسیم سے ضلعی پولیس کے ان اہلکاروں کو بھی فائدہ پہنچے گا جنہیں طویل عرصے سے نئی یونیفارم کی ضرورت تھی۔







