مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق میں اسی تنخواہ پر کام کرتی رہے گی، جبکہ حکومت کے خاتمے کی باتیں کرنے والوں کی پیش گوئیاں بھی درست ثابت نہیں ہوں گی۔
آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں اور کشمیر کے ساتھ پاکستان کا تعلق کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے لیے مزید 6 نشستیں درکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دو روز بعد ہونے والے انتخابات میں مزید 4 لیگی امیدوار کامیاب ہو کر اسمبلی میں پہنچیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہی ملک کے اصل مالک ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں کشمیری شہری بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں کشمیریوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کشمیر ایکشن کمیٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شامل بہت سے افراد ان کے بھائی اور محب وطن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الٹی گنتی شروع کرنے والے خود بھی سیدھے ہوجائیں گے اور ان کی گنتی بھی درست ہوجائے گی۔
اس سے قبل حویلی میں انتخابی جلسے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ ایکشن کمیٹی کے بعض عناصر کسی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے کے بعد عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جس حلقے یا علاقے سے شکست کھاتی ہے، وہاں دھاندلی کے الزامات عائد کر دیتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی وفاق میں اسی تنخواہ پر کام کرے گی۔







