بغیر انڈیکیٹرز، سائیڈ شیشوں والے موٹرسائیکل سواروں کیلئے شکنجہ تیار

ملتان(نمائندہ خصوصی) ملتان سمیت پنجاب بھر میں بغیر اشاروں (انڈیکیٹرز) اور سائیڈ شیشوں کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف جلد بلاامتیاز قانونی کارروائی شروع کئے جانے کا امکان ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق محکمہ ٹریفک پولیس نے اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور آئندہ چند روز میں باقاعدہ سرکاری نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کی توقع ہےجس کے بعد ملتان سمیت صوبہ بھر میں خصوصی مہم کا آغاز کر دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا، سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کی شرح میں کمی لانا اور موٹر سائیکل سواروں سمیت دیگر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ٹریفک حکام کا مؤقف ہے کہ موٹر سائیکل پر سائیڈ شیشوں اورانڈیکیٹرز کی عدم موجودگی کے باعث لین تبدیل کرنے، موڑ کاٹنے اور اوورٹیک کرنے کے دوران حادثات کے امکانات میں اضافہ ہو جاتا ہےجس سے نہ صرف موٹر سائیکل سوار بلکہ دیگر شہری بھی خطرے سے دوچار ہوتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ مجوزہ نوٹیفکیشن کے نفاذ کے بعد بغیر سائیڈ شیشوں اورانڈیکیٹرز کے موٹر سائیکل چلانے والوں کےخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں، چالان اور دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ٹریفک پولیس کی خصوصی ٹیمیں مختلف شہروں اور شاہراہوں پر ناکہ بندی اور چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گی ۔ٹریفک حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی، جرمانے یا ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے پیشگی اپنی موٹر سائیکلوں میں دونوں سائیڈ شیشے اور تمام انڈیکیٹرز درست حالت میں نصب کرا لیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حفاظتی اصولوں پر عمل کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور یہ اقدامات نہ صرف قانون کی پاسداری بلکہ محفوظ سفر کو بھی یقینی بناتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں