ٹریفک پولیس اہلکار کی ٹرالر کی فرنٹ سکرین پر سنگ باری ،ڈرائیور مشتعل

صادق آباد (ڈیلی قوم ریسرچ سیل)نادرا دفتر کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار کے مبینہ رویے اور کارروائی پر ڈرائیوروں میں شدید غصہ و اشتعال پھیل گیا جس کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر ڈرائیوروں نے پولیس اہلکار کو گھیر کر شدید نعرے بازی کی۔ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر ایک متحرک ٹرالر کی فرنٹ سکرین پر سنگ باری کر دی جس سے گاڑی کے شیشے کو شدید نقصان پہنچا۔ اہلکار کی اس اچانک اور خطرناک حرکت پر سڑک پر موجود دیگر گاڑیوں کے ڈرائیور اور مقامی افراد موقع پر جمع ہو گئے اور اہلکار کا محاصرہ کر لیا۔مشتعل ڈرائیوروں نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹریفک کنٹرول کرنے کے نام پر اس قسم کے غیر قانونی اور جابرانہ اقدامات سے جانی و مالی نقصان کا شدید خدشہ رہتا ہے۔ ڈرائیوروں کے شدید احتجاج اور گھیراؤ کے باعث سڑک پر کچھ دیر کےلئے آمدورفت میں خلل پڑا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ٹریفک حکام نے موقع پر پہنچ کر معاملہ رفع دفع کرانے اور ٹریفک کی روانی بحال کرانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ متاثرہ ڈرائیوروں اور یونین رہنماؤں نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار اہلکار کے خلاف سخت قانونی و ڈسپلنری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں