ملتان (وقائع نگار)نشتر ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کا کارنامہ، 20 سالہ لڑکی کے معدے سے لوہے کے 8 کیل بغیر آپریشن نکال لئے ۔ نشتر ہسپتال ملتان کے شعبہ گیسٹرو اینٹرولوجی کے ماہر ڈاکٹروں نے جدید طبی مہارت اور اینڈوسکوپی ٹیکنالوجی کا کامیاب استعمال کرتے ہوئے ایک 20 سالہ لڑکی کے معدے سے آٹھ لوہے کے کیل بغیر کسی آپریشن کے کامیابی سے نکال کر اہم طبی سنگِ میل عبور کر لیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق مریضہ کو معدے میں نوکیلی دھاتی اشیاء موجود ہونے کی شکایت پر فوری طور پر شعبہ گیسٹرو اینٹرولوجی منتقل کیا گیا۔یہ کامیاب طبی کارروائی ڈاکٹر فیصل عزیز، ڈاکٹر ایم الیاس، ڈاکٹر شہریار کانجو اور ڈاکٹر قاسم پر مشتمل ماہر گیسٹرو اینٹرولوجی ٹیم نے انجام دی۔ماہرین نے بتایا کہ لوہے کے کیل، سوئیاں یا دیگر نوکیلی دھاتی اشیاء معدے یا آنتوں میں موجود رہنے کی صورت میں اندرونی خون بہنے، معدے اور آنتوں میں سوراخ ہونے، شدید انفیکشن اور دیگر جان لیوا پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہیں۔ ایسے مریضوں میں بروقت تشخیص اور فوری اینڈوسکوپی نہ صرف جان بچا سکتی ہے بلکہ بڑے آپریشن سے بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔







