امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے پاس ہتھیاروں اور گولہ بارود کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے ملک کی پیداواری صلاحیت میں بھی مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے ان خبروں کو مسترد کر دیا جن میں امریکی اسلحہ ذخائر پر دباؤ کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی اطلاعات حقائق کے منافی ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے حساس یا خفیہ معلومات غیر قانونی طور پر افشا کیں تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں قید کی سزا بھی شامل ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب بعض بین الاقوامی میڈیا اداروں اور دفاعی ماہرین نے حالیہ مہینوں میں یہ خدشات ظاہر کیے ہیں کہ مسلسل فوجی سرگرمیوں کے باعث جدید ہتھیاروں کے بعض ذخائر پر دباؤ بڑھا ہے، تاہم امریکی انتظامیہ ان دعوؤں کی تردید کرتی رہی ہے۔







