لیہ(نمائندہ قوم) دھوری اڈہ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں کراچی سے میانوالی جانے والی مسافر بس سامنے موجود ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے سبب پیش آیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا کنڈیکٹر اور ٹریکٹر کا ڈرائیور موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے، جبکہ بس میں سوار متعدد مسافر شدید زخمی ہوئے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 27 سالہ محمد زبیر (بس کنڈیکٹر) شامل ہے جس کا تعلق میانوالی سے تھا دوسرا جاں بحق شخص 25 سالہ محمد عرفان (ٹریکٹر ڈرائیور) ہے جو مظفرگڑھ کا رہائشی تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔







