پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان نے مردوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی شریکِ حیات کو صرف گھر اور کچن تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں بااختیار بنانے اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے احسن خان نے کہا کہ اگر شوہر اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کر رہا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنی بیوی کو بھی ترقی کے یکساں مواقع دے تاکہ وہ بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ اکثر خواتین اپنی زندگی بچوں کی پرورش، گھریلو ذمہ داریوں اور سسرال کی خدمت میں گزار دیتی ہیں، جبکہ اگر وہ اپنی خواہشات اور صلاحیتوں کو بروئے کار نہ لا سکیں تو اس میں شوہر کا بھی کردار ہوتا ہے۔
احسن خان کے مطابق ہر مرد کو چاہیے کہ اپنی بیوی کا ہاتھ تھام کر اسے اپنے ساتھ آگے لے کر چلے، نہ کہ اسے صرف گھر کے کاموں اور روزمرہ ذمہ داریوں تک محدود رکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو اپنی شناخت بنانے اور خوداعتمادی حاصل کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
اداکار نے مردوں سے اپیل کی کہ اگر ان کی بیوی کم تعلیم یافتہ ہے تو اسے تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیں، نئی مہارتیں سیکھنے کی حوصلہ افزائی کریں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔
اپنی ذاتی زندگی کی مثال دیتے ہوئے احسن خان نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کو بیکنگ کا شوق تھا، اس لیے انہوں نے کبھی ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالی بلکہ مزید کورسز کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی ذمہ داری سنبھال کر انہوں نے اپنی اہلیہ کو سیکھنے اور آگے بڑھنے کا موقع دیا۔
احسن خان نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو ڈرائیونگ سیکھنے کی ترغیب دی تاکہ وہ خودمختار بن سکیں اور اپنی روزمرہ زندگی کے فیصلے زیادہ اعتماد کے ساتھ کر سکیں۔







