اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا ہے کہ وہ کئی برسوں سے نئے صوبوں کے قیام کے حامی رہے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس بنانے سے نہ صرف گورننس بہتر ہوگی بلکہ وفاق بھی مزید مضبوط ہوگا۔
اپنے ایک بیان میں رضا حیات ہراج نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نئے انتظامی یونٹس سے متعلق مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتظامی تقسیم بہتر ہونے سے عوام کو زیادہ مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی اور ترقی کا عمل بھی تیز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ عمل موجودہ حکومت کے دور میں مکمل ہوگا۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنی آئینی مدت پوری کریں گے اور نئے صوبوں کے قیام کی پیش رفت بھی انہی کی حکومت میں ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے پر وسیع اتفاق رائے موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی محرومیوں، پسماندگی اور غربت کے خاتمے کے لیے جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ بنانا ضروری ہے، جبکہ مستقبل میں آبادی کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید نئے صوبے بھی قائم کیے جا سکتے ہیں۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک پہلے ہی دو تہائی اکثریت سے اسمبلی میں منظور ہو چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر حکومت نئے صوبوں کے قیام میں واقعی سنجیدہ ہے تو آئین کے مطابق متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت کے ذریعے آئینی تقاضے پورے کیے جائیں۔







