بہاولپور میں پراپرٹی فراڈ نیٹ ورک، جعلی فرد کے ذریعے شہریوں کے پلاٹس کے سودے

ملتان (قوم ریسرچ سیل) پنجاب بھر میں پراپرٹی کے حوالے سے بدنام ترین ضلع بہاولپور میں آفاق احمد نامی پراپرٹی ڈیلر کی سرپرستی میں ایک ایسے گینگ کا انکشاف ہوا ہے جو مختلف لوگوں کے پلاٹ سادہ لوہ شہریوں کو فروخت کرنے کی آڑ میں جعلی فرد بنا کر لاکھوں روپے ایڈوانس لے کر ہڑپ کر جاتا ہے اور متعدد شکایات کے باوجود پولیس اس کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کرتی۔ آفاق احمد شہر کے مختلف علاقوں میں ایسے پلاٹ ڈھونڈتا ہے جن کے مالکان ملک سے باہر ہوں یا پھر جہاں ارد گرد آبادی اور درمیان میں خالی پلاٹ پڑے ہوں۔ وہ پلاٹ کے اصلی مالک بارے تفصیلات لے کر اپنے گروہ کے کسی ایک فراڈیے کو اس کا مالک ظاہر کرتا ہے اور پراپرٹی کے دفتر کی آڑ میں لوگوں کو وہی پلاٹ دکھا کر اپنے ساتھی فراڈیے کو اس کا مالک ظاہر کرکے اسٹامپ تحریر کرتا ہے اور اور پھر بیعانہ کی مد میں پانچ سے دس لاکھ روپیہ لے کر پلاٹ فروخت کرنے سے انکاری ہو جاتا ہے اور نہ پیسے واپس کرتا ہے بلکہ کھلے عام دھمکی دیتا ہے کہ ہم پیشہ ور لوگ ہیں اور سب متعلقہ محکموں کو ان کا حصہ دیتے ہیں آپ سے جو ہوتا ہے کر لیں۔ اس سے ڈسے ہوئے لوگ جب متعلقہ تھانوں رابطہ کرتے ہیں تو پولیس والوں کا یہی جواب ہوتا ہے کہ ہم کیا کریں یہ لین دین کا معاملہ ہے ہم ایف آئی آر درج بھی کر دیں گے تو اگلے دن اس کی ضمانت ہو جائے گی اور اس طرح افاق احمد پر مشتمل گینگ کا یہ دعویٰ درست ثابت ہو جاتا ہے کہ انہوں نے پولیس اور دیگر اداروں کا مستقل بنیادوں پر انتظام کر رکھا ہے۔ اسی فراڈیے گروہ نے یزمان کے گاؤں چک نمبر 34 ڈی این بی کے رہائشی 80 سالہ محمد بوٹا ولد محمد شریف سے ایک پلاٹ کا 42 لاکھ 50 ہزار روپے میں سودا کیا اور اس سے پانچ لاکھ روپے ایڈوانس لے کر 100 روپے مالیت کا اسٹامپ لکھ دیا۔ حسب وعدہ جب بقایا رقم لے کر محمد بوٹا اس فراڈیے پراپرٹی ڈیلر آفاق احمد کے پاس پہنچا تو اس نے پلاٹ دینے اور پیسے واپس کرنے سے صاف انکار کر دیا اور بزرگ شہری کو دھمکی دی کہ جو کر سکتا ہے کر لے۔ محمد بوٹا نامی بزرگ شہری جب شکایت لے کر بہاولپور کے تھانے بغداد الجدید پہنچا تو ایس ایچ او نے کہا کہ اس کے خلاف تو کئی درخواستیں آئی ہوئی ہیں اور اس کا یہی کام ہے آپ لوگوں کو تصدیق کرکے پیسے دینے چاہیے تھے ہم اب کیا کر سکتے ہیں۔ پانچ لاکھ روپیہ بطور بعیانہ لینے کے بعد جو اسٹام لکھ کر دیا گیا اس پر گواہان میں آفاق احمد ولد عبد الغفار انصاری ساکن 10 بی سی بہاولپور اور محمد آفتاب ولد غلام حسین سکنہ چک نمبر 11 ڈی این بی تحصیل یزمان ضلع بہاولپور کے نام لکھے ہوئے ہیں جبکہ آصف فاروق نامی اپنے ہی ساتھی کو اس پلاٹ کا مالک ظاہر کر کے محمد بوٹا ولد محمد شریف سے سودا کیا گیا اور پانچ لاکھ روپے وصول کر کیے گئے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں