بھارتی اداکارہ اور ریئلٹی شو کی معروف شخصیت راکھی ساونت نے اپنے مذہبی عقائد پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسلام قبول کرنے پر فخر محسوس کرتی ہیں اور اپنی مذہبی ذمہ داریاں باقاعدگی سے ادا کرتی ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے راکھی ساونت نے بتایا کہ وہ روزانہ پانچ وقت کی نماز ادا کرتی ہیں، قرآن مجید کی تلاوت کرتی ہیں اور اب تک آٹھ مرتبہ عمرہ کی سعادت بھی حاصل کر چکی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے مئی 2022 میں عادل خان درانی سے نکاح کے موقع پر اسلام قبول کیا تھا، جبکہ جنوری 2023 میں انہوں نے اپنا اسلامی نام “فاطمہ” رکھنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی شادی صرف چھ ماہ تک قائم رہی، لیکن ان کا ایمان آج بھی مضبوط ہے۔ ان کے مطابق وہ فجر، ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نماز کے ساتھ تہجد کا بھی اہتمام کرتی ہیں اور قرآن پاک کی تلاوت کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا چکی ہیں۔
انہوں نے ان افراد کو بھی جواب دیا جو ان کے شوبز سے تعلق یا لباس کی بنیاد پر ان کے مسلمان ہونے پر سوال اٹھاتے ہیں۔ راکھی کا کہنا تھا کہ ایمان ہر انسان اور اللہ تعالیٰ کے درمیان ذاتی معاملہ ہے، کسی کے پیشے یا ظاہری انداز سے اس کے عقیدے کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فلمی دنیا میں صرف اپنے روزگار اور مالی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے کام کرتی ہیں۔
راکھی ساونت کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں، جہاں بعض صارفین نے ان کی حمایت کی جبکہ کچھ نے ان کے مؤقف پر تنقید بھی کی۔







