سٹیٹ بینک کی توقعات کے برعکس جولائی میں مہنگائی 9.2 فیصد رہی

ملتان(قوم نیوز)پاکستان میں مہنگائی کی سالانہ شرح جولائی 2026 کے دوران کم ہو کر 9.2 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو جون کے 11.1فیصد کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے، تاہم گزشتہ سال جولائی 2025 میں یہ شرح 4.1 فیصد تھی۔ادارہ شماریات کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پر صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا۔ جون میں مہنگائی میں 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ جولائی 2025 میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا تھا۔اعدادوشمار کے مطابق شہری علاقوں میں سالانہ افراطِ زر جولائی میں 8.7 فیصد رہی، جو جون میں 11.2 فیصد تھی، جبکہ جولائی 2025 میں یہ شرح 4.4 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔شہری علاقوں میں ماہانہ بنیاد پر بھی مہنگائی میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ ماہ 0.5 فیصد کمی دیکھی گئی تھی۔دیہی علاقوں میں سالانہ افراطِ زر 9.9 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو جون میں 10.9 فیصد تھی، جبکہ ایک سال قبل جولائی 2025 میں یہ شرح 3.5 فیصد تھی۔ماہانہ بنیاد پر دیہی علاقوں میں بھی قیمتوں میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جون میں قیمتیں مجموعی طور پر مستحکم رہی تھیں۔وزارتِ خزانہ نے اپنے تازہ ماہانہ اقتصادی جائزے میں جولائی کے دوران مہنگائی کی شرح 9 سے 10 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں