ملتان ( خصوصی رپورٹر) واسا کی سیوریج لائن کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے دو مزدور ملبے تلے دب گئے، جن میں سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں مزدوروں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا، تاہم ایک مزدور جانبر نہ ہوسکا۔حادثہ ابنِ سینا ہسپتال کے قریب واسا کی سیوریج لائن کی کھدائی کے دوران پیش آیا، جہاں اچانک مٹی کا بڑا تودہ گرنے سے دونوں مزدور ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے ملبے میں دبے مزدوروں کو باہر نکالا۔ جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت 48 سالہ مرسلین کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی مزدور کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر سیتل ماڑی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کر دیں۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر ورکس واسا حافظ محمد وقاص نے بتایا کہ یہ ایک اتفاقی حادثہ ہے۔زخمی ہونے والا مزدوصحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج ہو چکا ہے۔ اس کی طبیعت اب بالکل ٹھیک ہے۔







