ملتان (نمائندہ خصوصی) ملتان میں ایک مرتبہ پھر فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ حرم گیٹ چوک کے قریب صابن والی گلی میں مبینہ طور پر پرانی دشمنی کے باعث ہونے والی فائرنگ سے 22 سالہ دلدار حسین جاں بحق ہوگیا۔ذرائع کے مطابق مقتول موٹر سائیکل پر سوار تھا کہ راستے میں مبینہ طور پر مخالف گروپ نے اسے روک کر فائرنگ کر دی۔ سر پر گولی لگنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئےہیں اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے سے قبل کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔ پولیس کے مطابق مقتول اور نامزد ملزمان کے درمیان ایک دوسرے پر فائرنگ اور لڑائی جھگڑے کے مقدمات تھانہ بوہڑ گیٹ اور تھانہ لوہاری گیٹ میں پہلے سے درج تھے، جنہیں بھی تفتیش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔







