لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام بھی اپنے صوبے میں پنجاب کی طرز پر ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبے دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔
لاہور میں صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ پنجاب بھی ایک بڑے صوبے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی حکومت نے ملک بھر میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے، جبکہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں نے ترقیاتی ایجنڈے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو اصولوں پر مبنی سیاست کرنے والی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع ہو رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وہ یہ نہیں کہتے کہ ماضی میں کسی ایک جماعت کے دور میں کشمیر کو نقصان پہنچا، تاہم سندھ کے عوام اپنی قیادت سے یہ سوال ضرور کر رہے ہیں کہ ان کے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کب تیز ہوگی، کیونکہ وہ بھی پنجاب جیسی ترقی دیکھنا چاہتے ہیں۔







