وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک، پی ٹی آئی نے جے یو آئی (ف) سے رابطے تیز کر دیے

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ سیاسی تحریک کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے اور دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان اس حوالے سے اہم ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں کے سامنے حکومت مخالف مشترکہ احتجاج کی تجویز رکھی، تاہم جمعیت علمائے اسلام (ف) نے فوری طور پر اس تجویز کی حمایت نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) کی قیادت کا مؤقف ہے کہ کسی بھی مشترکہ احتجاج یا سیاسی مہم سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں کے دوران آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو میں ان ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان سے براہ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے خلاف مؤثر تحریک چلانے کے معاملے پر دونوں جماعتوں کے درمیان کافی حد تک ہم آہنگی موجود ہے، جبکہ مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں