ملتان ( خصوصی رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان وہاڑی دو رویہ سڑک منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کے مختلف تعمیراتی مراحل، معیار اور مقررہ ٹائم لائن کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ 10 اگست تک کارپٹنگ، ڈرین، ٹف ٹائل اور ٹریٹڈ شولڈر کا کام مکمل کیا جائے اور منصوبے کے تمام اہداف ہر صورت مقررہ مدت میں حاصل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر منصوبے کے ہر مرحلے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات بروقت فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے بارشوں سے متاثرہ کام کی رفتار تیز کرنے، اضافی مشینری بروئے کار لانے، ڈرین، کرب اسٹون، ٹف ٹائل، روڈ فرنیچر اور ورک مین شپ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے روڈ فرنیچر، لین مارکنگ، ٹریفک سیفٹی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور باقی ماندہ فاؤنڈیشنز جلد مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔اجلاس میں 93 کلومیٹر گرین بیلٹ پر شجرکاری کے جامع پلان کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے شجرکاری کے لیے مؤثر واٹر سپلائی سسٹم، پلانٹیشن کلسٹرز کی تشکیل اور گرین بیلٹ کی بروقت تکمیل کی ہدایت جاری کی۔دریں اثنا کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان ایونیو منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کی تمام سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور مرحلہ وار ٹائم لائن طلب کی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان ایونیو جنوبی پنجاب کا منفرد گرین کوریڈور منصوبہ ہےجس میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے گرین کوریڈور میں شجرکاری، ٹرفنگ، بینچز کی تنصیب اور دیگر خوبصورتی کے کام فوری شروع کرنے جبکہ رات کے اوقات میں بھی تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھ کر رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔







