بند بوسن (نامہ نگار)ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز نے تین ماہ سے تنخواہیں ادا نہ کئے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔مظاہرین نے کہا کہ مسلسل تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور گھریلو اخراجات پورے کرنا ان کے لیے ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔احتجاج میں شریک ورکرز کا کہنا تھا کہ تنخواہیں نہ ملنے کے باعث وہ اپنے اہلِ خانہ کی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہیں ان کے مطابق حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ مقامی دکاندار بھی مزید ادھار دینے سے انکار کر رہے ہیں جس کے باعث بچوں کے لیے خوراک کا انتظام کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کی تین ماہ کی بقایا تنخواہیں فوری طور پر جاری کی جائیں تاکہ وہ مالی پریشانی سے نکل سکیں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔







