ملتان ( خصوصی رپورٹر) کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن کا بجٹ اجلاس منعقد ہواجس میں مالی سال 2026-27 کے لیے 12 ارب 59 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اقبال خان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں شہر کی ترقیاتی سکیموں کے لیے 2 ارب 80 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی فنڈز کو شہریوں کی فلاح اور بنیادی سہولیات کی بہتری پر ترجیحی بنیادوں پر خرچ کیا جائے۔کمشنر عامر کریم خاں نے پیراں غائب روڈ کی تعمیر و بحالی کے لیے تخمینہ اور تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم شاہراہ کو جدید، خوبصورت اور ماڈل روڈ کے طور پر تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے میں گرین بیلٹس، روڈ فرنیچر، اسٹریٹ لائٹس، اور دیگر شہری سہولیات کو بھی شامل کیا جائے تاکہ یہ شاہراہ ملتان کی نمایاں اور خوبصورت سڑکوں میں شمار ہو۔کمشنر عامر کریم خاں نے میونسپل کارپوریشن کی آمدن میں اضافے کے لیے اون سورس ریونیو بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر مالی وسائل میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہری ترقیاتی منصوبوں کو مزید وسعت دی جا سکے۔اجلاس میں کمشنر عامر کریم خاں نے ایم اینڈ آر سکیموں کے لیے 80 کروڑ روپے کی منصوبہ بندی جلد مکمل کرنے اور 2 ارب روپے مالیت کی نئی ترقیاتی سکیموں کی پلاننگ اور عملی کام فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں کی بحالی، خوبصورتی اور جدید خطوط پر ترقی حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق اولین ترجیح ہے اور تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔







