عظیم گلوکار محمد رفیع کا آج یوم وفات، سرائیکی سمیت 7405 نغمات ریکارڈ

ملتان(رپورٹ:ناصر محمود شیخ)لازوال گلوکار جسکی آواز کا سحر مدتوں قائم رہے گا ۔محمد رفیع کا آج یوم وفات ہے۔ ایسے عظیم فنکاروں کا نام زندہ رہتا ہے۔ یوں تو دنیا بھر میں محمد رفیع کے چاہنے والے کروڑوں میں ہیں لیکن پاکستان کے سینئر بیوروکریٹ پنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر مسعود بخاری محمد رفیع اور انکے فن کے مداح ہیں۔ انکے پاس محمد رفیع بارے جو معلومات کا خزانہ ہے کسی اور کے پاس شاید نہ ہو ۔قوم میڈیا گروپ سے گفتگو کرتے ہوئےمسعود احمد بخاری نے بتایا کہ رفیع صاحب کے کل 7405 نغمات ریکارڈ ہوئے ۔مرد فنکاروں میں برصغیر پاک و ہند میں یہ سب سے زیادہ ریکارڈنگز ہیں۔1916 فلموں کے لئے 4585 گیت ریکارڈ ہوئے۔ 2361 دو گانے تھے یعنی فی میل سنگرز کے ساتھ گائے ۔28 مختلف زبانوں میں نغمات گائے جن میں ایک سرائیکی گیت بھی ہے۔ 335 پنجابی گیت ریکارڈ کرائے۔ 54 اسلامی گیت اور نعتیں ریکارڈ کرائیں۔ نامور موسیقاروں کے ساتھ انکے لازوال گیت ریکارڈ ہوئے۔سب سے زیادہ بہارو پھول برسائو میرا محبوب آیا ہے کو سنا گیا۔سب سے زیادہ نغمے 391 لکشمی کانت پیارے لعل کے لئے گائے ۔شنکر جے کشن 373، چترا گپ 268،روی 256 ،کلیان جی آنند جی 169 ،نوشاد 156 ،آرڈی برمن 123 ،روشن 97،اوشا کھنا 119 ،مدن موہن 157 اور سی رام چند نے 77 گیت ریکارڈ کئے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں