ملتان( کرائم سیل) شجاع آباد میں تھانہ سٹی کی چھتر چھایا میں فروٹ مافیا نے غنڈا گردی کی انتہا کر رکھی ہے۔ آئے روز پھل خریدنے کے لیے آنے والے دیہاتیوں کو مارنا، ان کو پھلوں کو ہاتھ نہ لگانے دینا، دن بھر سڑک کو بلاک رکھنا، تھانے کی دیوار کے ساتھ اپنا قبضہ جمائے رکھنا، ناپ تول میں کمی کرنا اور کھلے عام یہ اعلان کرنا ہم مارکیٹ کمیٹی اور پیرا فورس کو یومیہ بنیادوں پر پیسے دیتے ہیں اور تھانے میں ہمارے ہی مفت پھل چلتے ہیں لہٰذا ہمیں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا۔ آئے روز غنڈہ گردی کرنے والے ان خوانچہ فروشوں کی سرپرستی عمران عطاری نامی ایک جعلی صحافی کرتا ہے جو تمام خوانچہ فروشوں سے منتھلی لے کر ہر متعلقہ محکمے کو باقاعدگی سے پہنچانے کا دعویٰ کرتا ہے۔ چند روز قبل ایک شخص نے ان کے باٹ اور ترازو چیک کرنےکی کوشش کی تو اسے سڑک پر لٹا کر مارا گیا۔ خوانچہ فروشوں کے بارے میں یہ شکایات بھی سننے میں ملی ہیں کہ وہ بعض اوقات دیہاتی گاہکوں کے ہاتھوں میں جعلی کرنسی بھی تھما دیتے ہیں مگر پولیس سمیت کوئی بھی ادارہ انہیں کچھ نہیں کہتا اور ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں ہوتی ۔







