لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسے اور احتجاج کے اعلان کے ساتھ ساتھ اجازت نہ ملنے کی صورت میں متبادل حکمت عملی بھی تیار کر لی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جلسے کے انعقاد کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے کیے جا رہے ہیں اور ڈپٹی کمشنر لاہور کو دی گئی درخواست پر پیش رفت کا انتظار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ کی جانب سے مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت مل جاتی ہے تو پروگرام اسی مقام پر منعقد کیا جائے گا، تاہم اجازت نہ ملنے کی صورت میں پارٹی قیادت اور کارکن لاہور کے کسی متبادل مقام پر جمع ہو کر احتجاج کریں گے، جہاں مرکزی رہنما بھی خطاب کریں گے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق متبادل مقامات میں آزادی چوک، بتی چوک، لبرٹی چوک اور جی پی او چوک شامل ہیں، جن میں سے کسی ایک مقام کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔
پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکن اپنے اپنے حلقوں سے ریلیوں کی صورت میں احتجاجی مقام تک پہنچیں گے۔ حتمی فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت سے مشروط ہوگا، جس کے بعد احتجاج یا جلسے کے مقام کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔







