اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہر خودمختار ملک کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اسی تناظر میں عراق میں سعودی عرب کی جوابی کارروائی کو دیکھا جانا چاہیے۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت سعودی عرب اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری دفاعی اقدامات کرنے کا قانونی اختیار رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کا خواہاں ہے اور تمام متعلقہ فریقین سے تحمل، بردباری اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیتا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر مؤثر عمل درآمد کا حامی ہے۔ اس مقصد کے لیے سفارتی رابطے مسلسل جاری ہیں تاکہ کشیدہ صورتحال کو کم کرتے ہوئے تمام فریقوں کو بات چیت کی میز پر لایا جا سکے۔
طاہر اندرابی نے کویت کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے اردن اور بحرین کے ساتھ بھی دفاعی شعبے میں مضبوط تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں اردن یا بحرین کے ساتھ کسی نئے دفاعی معاہدے کو حتمی شکل دی گئی تو اس حوالے سے مناسب وقت پر عوام اور میڈیا کو باضابطہ آگاہ کیا جائے گا۔







