وہاڑی، لودھراں، قصور، گجرات، نارووال، شیخوپورہ، ننکانہ میں بھی الیکٹرک بسیں چل پڑی

لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا گرین ٹرانسپورٹ انقلاب زور و شور سے جاری،مزید 7 اضلاع کے 17 روٹس پر 77 الیکٹرک بسیں عوام کی خدمت پر مامورکر دی گئی ہیں۔ پنجاب کے 7 مزید اضلاع کو ایئر کنڈیشنڈ،وائی فائی،سی سی ٹی وی مانیٹرڈ اور چارجنگ پورٹس سے لیس جدید الیکٹرک بسیں مل گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وہاڑی،لودھراں،قصور،گجرات، نارووال، شیخوپورہ،ننکانہ صاحب میں الیکٹرک بسوں کا افتتاح کر دیا۔الیکٹرک بس میں خواتین، طلبہ،معمر افراد اور معذور افراد کے لیے سفر بالکل مفت ہوگا، باقی ماندہ افراد کے لئے بس 20 روپے کرایہ مقرر کیا گیا جبکہ بس میں خصوصی افراد کی آمدورفت کے لئے سپیشل ریمپ بھی موجود ہے۔پنجاب کے 29 اضلاع اور ایک تحصیل میں 511 الیکٹرک بسیں پہلے سے فعال ہیں۔ مزید 101 نئی الیکٹرک بسیں پنجاب کے 9 اضلاع میں پہنچائی جا چکی ہیں۔ صوبے کے مختلف اضلاع کے لیے مزید 1500 جدید الیکٹرک بسیں حاصل کی جا رہی ہیں۔ بقایا 488 الیکٹرک بسیں اگست 2026 کے آخر تک پنجاب پہنچ جائیں گی۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت الیکٹرک بس منصوبے کے لیے اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے گئے۔ اضلاع میں منصوبہ مکمل ہونے کے بعد پنجاب کی ہر تحصیل تک 1500 مزید الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ آج کے افتتاح کے بعد پنجاب کے 36 اضلاع میں مجموعی طور پر 588 الیکٹرک بسیں فعال ہو گئی ہیں۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے 7 مزید اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہاڑی،لودھراں،قصور،گجرات، نارووال، شیخوپورہ،ننکانہ صاحب میں گرین بس سروس آپریشنل کر دی۔ پہلی دفعہ ان تمام اضلاع کو بسیں مل رہی ہیں جن کے پاس کبھی سرکاری ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ تھی۔ گرین بس ایک مقبول منصوبہ ہے جس نے عوام کی روزمرہ کی ضرورت پوری کی۔ عوام آسانی اور سہولت سے گرین بسوں پر اپنے کالج، یونیورسٹی،ہسپتال یا سکول اور کام جگہ پر جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر گئی تو گرین بس کی اہمیت کا مزید اندازہ ہوا۔ آزاد کشمیر میں میں جتنی مانگ گرین بس کی ہے اور کسی جگہ نہیں دیکھی۔ گرین بس ہر طبقے کے افراد کے لئے بہت بڑی سہولت ہے۔ انشاء اللہ اگست کے آخر تک پنجاب میں 1100 بسیں پوری ہو جائیں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ گرین بس اضلاع اور تحصیلوں میں چل رہی ہے۔ الیکٹرک بس میں صرف بیس روپے میں عوام کو ائیر کنڈیشنڈ، وائی فائی سے لیس اور سی سی ٹی وی مانیٹرد سفر میسر ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع گجرات میں 11 الیکٹرک بسیں 2 روٹس جنرل بس سٹینڈ گجرات سے منگوال اور جی بی ایس گجرات سے دولت نگر پر چلیں گی۔ ضلع نارووال میں 11 الیکٹرک بسیں 5 روٹس جنرل بس سٹینڈ نارووال سے مانگا پل، شکر گڑھ، پسرور چوک، ظفر وال اور سرکلر روٹ پر چلیں گی۔ ضلع قصور میں 11 الیکٹرک بسیں 2 روٹس جی بی ایس قصور سے کچا پکا اور جی بی ایس قصور سے گجو متہ اسٹاپ پر چلیں گی۔ ضلع شیخوپورہ میں 11 الیکٹرک بسیں 2 روٹس ای بس ڈپو سے شاہدرہ میٹرو سٹیشن اور ای بس ڈپو سے خانقاہ ڈوگراں پر رواں دواں ہوں گی۔ ضلع ننکانہ صاحب میں 11 الیکٹرک بسیں 2 روٹس جی بی ایس ننکانہ صاحب سے موڑ کھنڈا اور جی بی ایس ننکانہ صاحب سے واربرٹن پر چلیں گی۔ ضلع لودھراں میں 11 الیکٹرک بسیں 2 روٹس شہید اسلام ہسپتال سے کہروڑ پکا اور شہید اسلام ہسپتال سے دنیا پور پر خدمات سرانجام دیں گی۔ ضلع وہاڑی میں 11 الیکٹرک بسیں 2 روٹس گورنمنٹ گریجویٹ کالج سے فوارہ اور پیر محل سے ٹبہ سلطان پور پر چلیں گی۔ دریں اثناوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی ریکروٹ کلاس کورس 18 کی پاسنگ آئوٹ تقریب میں شرکت کی۔ لیڈی پائلٹس سکواڈ کی حفاظت میں پریڈ گراؤنڈ پہنچنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پر گل پاشی سے شاندار استقبال کیا گیا۔ تقریب میں شریک لیڈی ریکروٹس کے والدین نے بھی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو پولیس کی لیڈی ریکروٹ کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے جنرل سلامی پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لیڈی ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ لیڈی ریکروٹ کلاس کورس 18 کے تحت پنجاب پولیس اور پنجاب ہائی وے پولیس کی1156 بیٹیاں پاس آوٹ ہوئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی لیڈی ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لیڈی ریکروٹ کلاس کورس کے مارچ پاسٹ کا مشاہدہ کیا۔تقریب میں کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج کیپٹن سہیل نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو پینٹنگ پیش کی۔ لیڈی کمانڈوز نے مختلف فارمیشنز سے وزیر اعلی مریم نواز شریف کو سلامی بھی دی۔ پنجاب پولیس کی تاریخ میں پہلی لیڈی کمانڈوز نے مختلف فارمیشنز سے چیف منسٹر پنجاب کا مخفف CMP بنا کر سلامی پیش کی۔ پنجاب پولیس کے بینڈز نے قومی و ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے6 مزدوروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورسوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سانحہ کیچ فتنہ الہندوستان کے شیطان صفت دہشت گردوں کی بدترین بربریت ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں